عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//معروف سول سروسز کوچنگ سنٹر ’کوئنٹ ایسنس‘(QUINTESSENCE)آئی اے ایس نے منگل کو ایک متاثرکن اور انٹرایکٹیو سمینار کا انعقاد کیا جس میں جے کے اے ایس 2024کے6 ٹاپرز اور سینکڑوں امیدواروں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا اہتمام ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر روحان جیلانی نے کیا جبکہ پولیس ہیڈکوارٹر سرینگر کے ایس پی عمر شاہ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔تقریب میں جن کامیاب امیدواروں نے اپنے تجربات شیئر کئے اُن میں سید دائود بن سلام (رینک 11)، سید ذیشان نثار (رینک 14)، عشرت احد (رینک 21)، خالد بشیر (رینک 70)، نوید شریف (رینک 72)اور امتیاز احمد پسوال (رینک 89)شامل تھے۔ٹاپرز نے اپنی تیاری کے سفر، انٹرویو کے تجربات، ذاتی جدوجہد اور کامیابی کی حکمت عملیوں پر کھل کر گفتگو کی، جس سے امیدواروں کو امتحان کی حقیقی تیاری کے حوالے سے قیمتی رہنمائی حاصل ہوئی۔مہمانِ خصوصی ایس پی عمر شاہ نے تمام افسران کو اعزازات اور تحائف پیش کیے اور مستقل مزاجی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر کوئنٹ ایسنس آئی اے ایس کے سینئر فیکلٹی ممبر ایس ایم تحلیل شاہ نے بھی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صرف روایتی حکمت عملی کافی نہیں بلکہ کامیابی کیلئے ذاتی عادات، سوچ اور فطری صلاحیتوں کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔یہ سیشن روایتی لیکچرز سے ہٹ کر ایک کھلا مکالمہ ثابت ہوا جسے شرکا نے بے حد سراہا۔