وی او آئی
سرینگر//حکومت نے کہا ہے کہ یکم مارچ 2026 سے اب تک 18 کروڑ سے زائد گھریلو ایل پی جی سلنڈر کامیابی کے ساتھ گھروں تک پہنچائے گئے ہیں۔ حکام نے عوام کو یقین دلایا کہ ایندھن اور غذائی اجناس کی فراہمی مستحکم ہے اور چاول و گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ نیشنل میڈیا سینٹر میں منعقدہ بریفنگ کے دوران وزارتِ پیٹرولیم و قدرتی گیس کے حکام نے بتایا کہ مغربی ایشیا میں جغرافیائی کشیدگی کے باوجود گھریلو ایل پی جی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ حکام نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر کی ترسیل میں آن لائن بکنگ کا حصہ 97 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جبکہ 90فیصد ترسیلات میں ڈلیوری مصدقہ کوڈ استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی غلطی کو روکا جا سکے۔ تجارتی ایل پی جی الاٹمنٹ کو بحران سے پہلے کی سطح کے تقریبا 70 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ 5 کلو کے فری ٹریڈ سلنڈرز کی فروخت بھی لاکھوں میں ہو رہی ہے۔ پبلک سیکٹر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک لاکھ سے زائد چھاپے مارے، 52ہزار سے زیادہ سلنڈر ضبط کیے اور ذخیرہ اندوزی و بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کی۔