عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// 2024-25کے لیے یونین ٹیریٹری فنانس پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل(سی اے جی) رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کو 2024-25 کے بجٹ تخمینوں سے 24,000 کروڑ روپے سے زیادہ کم موصول ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محصولات کی وصولیوں کا تخمینہ 98,719 کروڑ روپے تھا، جب کہ اصل وصولیاں 74,401.16 کروڑ روپے تھیں، جس کے نتیجے میں 24000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی تھی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 93,405 کروڑ روپے کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مقابلے میں، اصل وصولیاں تقریباً19,000کروڑ روپے کم تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکز کی طرف سے امدادی بجٹ ،تخمینہ سے 13,853 کروڑ روپے کم تھی۔اس میں یہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے کہ بجٹ میں 1,000 کروڑ روپے اور نظرثانی شدہ تخمینہ میں 4,900 کروڑ روپے کا تخمینہ اضافی ریسورس موبلائزیشن، سال کے دوران پورا نہیں ہوا۔ محصولات کی وصولیاں بجٹ کے تخمینے سے 24.6 فیصد اور نظرثانی شدہ تخمینوں میں 20.3 فیصد کم رہیں۔ادھرجموں کشمیر کا قرض 1.27 لاکھ کروڑ روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ عوامی قرض پچھلے پانچ سالوں میں مسلسل بڑھ کر 2024-25 میں 1,27,216 کروڑ روپے کو چھو گیا ۔ آڈیٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے سود کے بوجھ، سرمایہ کاری پر کمزور منافع اور واجبات قرضوں کو طویل عرصے تک برقرار رکھنے کے لیے خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔یونین ٹیریٹری کے مالیات کے بارے میں تازہ ترین آڈٹ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ مجموعی واجبات 2020-21 میں 98,417 کروڑ روپے سے بڑھ کر موجودہ سطح تک پہنچ گئے ہیں، یہاں تک کہ اس مدت کے دوران ترقی کی رفتار 10 فیصد سے کم ہوکر تقریباً 7 فیصد ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں پائیداری کے ایک اہم اشارے، قرض سے جی ایس ڈی پی تناسب میں بہتری کو نوٹ کیا گیا ہے، جو 2020-21 میں 58.65 فیصد سے کم ہو کر 2024-25 میں 48.47 فیصد ہو گیا۔