عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہندوارہ میں ایک فوجی کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور پر گولی چلنے کے بعد زخمی فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔حکام نے بتایا کہ سپاہی، جس کی شناخت جئے دیپ (24) کے طور پر ہوئی ہے، اس وقت گولی لگنے سے زخمی ہوا جب اس کی سروس رائفل سے لنگیٹ علاقے کے آرمی کیمپ میں حادثاتی طور گولی چلی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی کو ابتدائی طور پر جی ایم سی ہندواڑہ لے جایا گیا اور بعد میں اسے جدید علاج کے لیے 92 بیس ہسپتال بادامی باغ چھاؤنی منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران حکام نے بتایاکہ مہاراشٹر کی ایک52 سالہ سیاح خاتون سری نگر کے بربرشاہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں بے ہوش ہو کر گرگئی، اور اسے قریبی اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔متوفی خاتون 42سالہ موریشورزوجہ باربل ساکنہ پروانچوتی ونشاری کلیانی مہاراشٹر، 3 اپریل سے ایک گروپ کیساتھ ہوٹل میں مقیم تھی۔پولیس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خاتون ہوٹل کے اندر اچانک بے ہوش ہوگئی جس کے بعد ہوٹل کے عملے اور اسکے ساتھیوں نے اسے خیبر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی بظاہر وجہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کا شبہ ہے، تاہم تصدیق طبی اور قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد کی جائے گی۔ لاش کو پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ضابطے کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔