رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ میں تعینات محکمہ صحت کے ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور زور دار نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں خاص طور پر نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے ملازمین کی بڑی تعداد شامل تھی، جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔
احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ این ایچ ایم کے تحت کام کرنے والے کارکنان کئی برسوں سے محکمہ صحت میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مگر ان کی ملازمت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک ان کی مستقلی کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی مرتب نہیں کی گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ملازمین نے مزید کہا کہ انہیں مناسب سوشل سکیورٹی کی سہولیات بھی حاصل نہیں ہیں، جس کے باعث ان کا مستقبل غیر محفوظ ہو گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور فوری طور پر ان کے مطالبات پورے کیے جائیں۔مظاہرین نے اپنے مطالبات میں ملازمت کا تحفظ، سوشل سکیورٹی کا قیام اور تنخواہوں میں مناسب اضافہ شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے انتہائی کم اجرت پر کام کر رہے ہیں، جو ان کی خدمات کے مقابلے میں ناکافی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسیع کریں گے اور سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ احتجاج کے دوران ملازمین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے حقوق کی بحالی کا مطالبہ دہرایا۔