عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پارمپورہ سرینگر کے مین چوک پر جمعہ کو 45 سالہ شہری گاڑی سے گر کر شدید زخمی ہو گیاجبکہ بارہمولہ میں شٹلو کے قریب سکول بس کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد پانچ بچے زخمی ہو گئے اورگنڈ کنگن میں ایک چھوٹی مال گاڑی الٹنے سے ڈرائیور سمیت تین افراد کو چوٹ آئی ۔سرینگر کے پارمپورہ علاقے میں گاڑی سے گر جانے کے بعد شہری زخمی ہو گیا ۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شہری جس کی شناخت فاروق احمد صوفی ساکنہ پارمپورہ سرینگر کے بطور ہوئی مصروف چوک کے قریب ٹاٹا موبائل سے گرا جس کے نتیجے میں سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
حکام نے بتایا کہ اسے فوری طور پر جے وی سی اسپتال بمنہ میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ادھر ضلع بارہمولہ میں شٹلو کے قریب جمعہ کو اسکول بس کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد پانچ بچے زخمی ہو گئے۔طبی حکام نے بتایا کہ زخمی طلباء کو زخم آئے اور انہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال روہامہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد اور ٹانکے لگائے گئے۔حکام نے بتایا کہ پانچ زخمیوں میں سے تین بچوں کو مزید جانچ کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ ریفر کر دیا گیا ہے۔تمام طلبا کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے اور ان کی حالت نگرانی میں ہے۔اسی دوران گاندربل ضلع کے گنڈ کنگن علاقے میں ایک چھوٹی مال گاڑی الٹنے سے ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔نمائندے کے مطابق ’’ایک چھوٹا ہاتھی ‘‘گاڑی حادثے کا شکار ہو کر علاقے میں سڑک پر الٹ گئی۔زخمیوں کی شناخت شفاعت احمد صوفی ولد غلام احمد صوفی ساکنہ وسن کنگن ،محمد نواز خان ولد سکندر خان ساکنہ وسن کنگن اور محمد یوسف چیچی ولد قاسم چیچی ساکن اکھل کنگن کے بطور ہوئی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد گنڈ سے پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) گنڈ منتقل کیا۔