یو این ایس
سرینگر//سنٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) نے سری نگر میں رشوت ستانی کے ایک معاملے میں دو سرکاری اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ای پی ایف او کے ریجنل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر اور ایک سینئر سیکیورٹی اسسٹنٹ شامل ہیں۔حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں بٹہ مالو میں اس وقت عمل میں آئیں جب ملزمان کو مبینہ طور پر 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔سی بی آئی کے مطابق کیس 31 مارچ کو درج کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ ریجنل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر نے شکایت کنندہ سے 1.5 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔
یہ رقم مبینہ طور پر شکایت کنندہ کے ادارے کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور جرمانہ عائد نہ کرنے کے بدلے میں مانگی گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ اسی دن ایک جال بچھایا گیا، جس کے دوران سینئر سیکیورٹی اسسٹنٹ کو 50 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا، جو کمشنر کی جانب سے بطور درمیانی شخص کام کر رہا تھا۔بعد ازاں تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ رشوت کی رقم کمشنر تک پہنچانے کیلئے اسسٹنٹ کو استعمال کیا جا رہا تھا، جس کے بعد ریجنل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ سی بی آئی نے کہا ہے کہ رشوت ستانی ایک قابل سزا جرم ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف آگے آئیں اور ایسے معاملات کی اطلاع دیں۔حکام کے مطابق ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔