یواین آئی
وینکوور/عالمی کرکٹ کے منظر نامے پر ایک دلچسپ اضافے کے طور پر ابھرنے والی کینیڈا سپر 60 لیگ اپنے دوسرے سیزن کے لیے تیار ہے ۔ اس بار یہ ٹورنامنٹ 29 ستمبر سے 4 اکتوبر تک وینکوور کے تاریخی ‘بی سی پلیس اسٹیڈیم’ میں کھیلا جائے گا۔پہلے سیزن کی شاندار کامیابی کے بعد، اس لیگ کو بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر کے ایک اہم ایونٹ کے طور پر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ لیگ پارٹنر اور سابق ہندوستانی کرکٹر یووراج سنگھ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”گزشتہ سال شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے ملنے والا ردعمل انتہائی حوصلہ افزا تھا۔
اس سال ہمارا مقصد کینیڈا سپر 60 کو عالمی سطح پر ایک بڑے برانڈ کے طور پر متعارف کروانا ہے ۔ یہ لیگ نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ کینیڈا کے نوجوان مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع بھی دیتی ہے ۔”یووراج سنگھ نے مزید کہا کہ وہ دوبارہ بی سی پلیس اسٹیڈیم جانے کے لیے پرجوش ہیں، کیونکہ چھت کے نیچے (انڈور) اور پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنا ایک منفرد تجربہ ہے ۔سیاحت، فنون، ثقافت اور کھیل کی وزیر این کینگ نے کہا، “ہم کینیڈا سپر 60 لیگ اور کرکٹ شائقین کا بی سی پلیس میں دوبارہ خیرمقدم کرتے ہوئے بے حد خوش ہیں۔ کرکٹ کینیڈا کے صدر امجد باجوہ نے مزید کہا، “کینیڈا سپر 60، کینیڈا اور شمالی امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک بڑے قدم کی نمائندگی کرتی ہے ۔ پہلے سیزن کی کامیابی نے اس خطے میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور یہاں موجود بے پناہ صلاحیتوں کو ثابت کر دیا ہے ۔ یہ لیگ نہ صرف عالمی معیار کے مقابلے فراہم کرتی ہے ، بلکہ کینیڈا کے کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر اپنی مہارت دکھانے اور آگے بڑھنے کے راستے اور مواقع بھی پیدا کر رہی ہے ۔”