وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر نے مکمل تحقیقات کی یقین دلایا:سپیکر
جموں//جموں و کشمیر اسمبلی نے ہفتہ کو متفقہ طور پر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر حالیہ قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔ کئی ارکان نے اس واقعہ کی ہائی کورٹ کے ایک موجودہ جج سے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ٹریژری اور اپوزیشن بنچوں دونوں نے اس واقعہ کو انتہائی پریشان کن اور ایک واضح سیکورٹی لیپس قرار دیا اور ان میں سے کچھ نے مطالبہ کیا کہ حملہ آور کو “دہشت گرد” قرار دیا جائے اور اسے مثالی سزا دی جائے۔عبداللہ، 11 مارچ کو اس وقت معجزانہ طور پر بچ گئے تھے جب جموں کے پرانی منڈی علاقے کے رہائشی 63 سالہ کمل سنگھ نے اس وقت گولی چلائی جب ڈاکٹر فاروق گریٹر کیلاش علاقے میں ایک شادی کی تقریب سے نکل رہا تھا۔ حملہ آور کو قابو کر کے ریوالور سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے حملے کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس(ڈی آئی جی)کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم(ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔پنڈال میں مناسب پولیس اہلکاروں کی عدم موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، قانون سازوں نے سوال کیا کہ ایک حملہ آور 88 سالہ عبداللہ کے قریب کیسے آنے میں کامیاب ہوا۔دو گھنٹے طویل بحث کو سمیٹتے ہوئے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے واقعہ کے بعد عبداللہ سے بات چیت کی تھی اور اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ تحقیقات کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مجرم کو مثالی سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا”آج ہم نے جو بات چیت کی ہے اسے مضبوطی سے پہنچایا جانا چاہئے اور امن و امان کے ذمہ داروں کو واضح طور پر سمجھنا چاہئے کہ یہ کوئی عام واقعہ نہیں ہے، یہ وسیع تر خدشات سے جڑا ایک سنگین معاملہ ہے۔ عبداللہ کوئی عام فرد نہیں ہے، وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پہچانی جانے والی شخصیت ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ملک کی خدمت کی ہے۔”انہوں نے کہا کہ ایوان نے اجتماعی طور پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کی پیروی کی جائے گی اوضروری اقدامات کیے جائیں گے۔سپیکر نے کہا”اس میں ملوث فرد کے طرز عمل اور ذہنیت کے بارے میں بھی خدشات ہیں۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ اس نے کوئی پچھتاوا نہیں دکھایا اور ایسا برتا کیا جو گہرے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، جس کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے،” ۔جیسے ہی ایوان دن بھر جمع ہوا، نیشنل کانفرنس کے کئی قانون سازوں نے کرسی کو مطلع کیا کہ انہوں نے عبداللہ پر حملے پر بحث کے لیے تحریک التوا پیش کی ہے۔تاہم سپیکر نے وقفہ سوالات کے پرامن اختتام کو یقینی بنایا اور بعد میں اس واقعے پر بحث کی اجازت دی۔