ایجنسیز
کولکاتا// امت شاہ نے ہفتہ کے روز ترنمول کانگریس حکومت کے خلاف ایک ’چارج شیٹ‘جاری کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات نہ صرف ریاست بلکہ ملک کی سلامتی کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔کولکاتا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امت شاہ نے ریاستی حکومت پر سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ گزشتہ 15 برسوں میں مغربی بنگال’دراندازی، خوشامدی سیاست اور سرحدی عدم تحفظ کا مرکزی راستہ‘ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’بنگال کا انتخاب صرف ریاست کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے اہم ہے۔ ایک طرح سے ملک کی سلامتی اس انتخاب سے جڑی ہوئی ہے۔‘‘امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ آسام میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد دراندازی کے راستے بند ہو چکے ہیں، جبکہ مغربی بنگال اب واحد راستہ رہ گیا ہے جہاں سے مبینہ طور پر درانداز ملک میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت ووٹ بینک کی سیاست کے تحت سرحدی باڑ لگانے کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے بارہا درخواست کے باوجود زمین فراہم نہیں کی گئی۔امت شاہ کے مطابق، ’’ترنمول کانگریس حکومت دراندازوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے، اسی لیے سرحدی باڑ کے لیے زمین فراہم نہیں کی جا رہی۔‘‘واضح رہے کہ مغربی بنگال میں حکمراں جماعت کی قیادت ممتا بنرجی کر رہی ہیں، جبکہ آنے والے انتخابات کے پیش نظر سیاسی ماحول مزید گرم ہوتا جا رہا ہے۔