عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو لوگوں پر زور دیا کہ وہ ضروری اشیا کی قلت سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں، یہ کہتے ہوئے کہ جموں و کشمیر میں فی الحال پٹرول، ڈیزل یا ایل پی جی کی کوئی قلت نہیں ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جب حکومت بولتی ہے تو لوگ نہیں سنتے لیکن افواہوں پر یقین کرتے ہیں، ہم نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور ڈیزل، پیٹرول یا ایل پی جی سلنڈر وںکی کوئی کمی نہیں ہے، پچھلے کچھ دنوں سے صورتحال جوں کی توں ہے۔
انہوں نے عوام سے پیٹرول پمپس پر غیر ضروری رش سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خوف و ہراس کی وجہ سے قطاریں لگنے سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا، “میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سوشل میڈیا کی افواہوں کی بنیاد پر پیٹرول پمپوں کے باہر قطاریں نہ لگائیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے پمپس کو عارضی طور پر بند کرنا پڑ سکتا ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سپلائی کافی ہے۔”وسیع تر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ مرکز پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ضروری سامان کی دستیابی کو یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں کہیں بھی کوئی کمی نہیں ہے، لوگوں کو پرسکون رہنا چاہیے اور صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کرنا چاہیے۔