جموں/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج گاندھی نگر کے دسہرہ گراؤنڈ میں جموں میراتھن 2026 کے ایکسپو کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے تقریب کا باقاعدہ افتتاح ایک رسمی ربن کاٹ کر کیا جس کے بعد ایک دستخطی مہم بھی شروع کی گئی ۔ یہ ایکسپو جموں میراتھن کی تیاریوں کے آخری مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے جو مندروں کے شہر میں 29مارچ کو منعقد ہونے والا ہے ۔ یہ جموں میراتھن کا پہلا ایڈیشن ہو گا ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے حکومت کے مختلف محکموں ، پرائیویٹ اسپورٹس فرموں اور ایونٹ پارٹنرز کے لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا ۔ نمائش میں فٹنس اور آؤٹ ڈور ایکٹیویٹیز کو فروغ دینے کیلئے اسپورٹس گئیر ، آلات اور لوازمات کی وسیع رینج پیش کی گئی ہے ۔ ایکسپو میں میراتھن کے شرکاء کیلئے وقف شدہ بِب کلیکشن سینٹرز اور آن دِی سپاٹ رجسٹریشن کاؤنٹرز بھی موجود ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے بِب کلیکشن ڈیسک سے اپنا پارٹیسپیشن کٹ جمع کرایا ۔ اس موقع پر وزیر جل شکتی جاوید احمد رانا ، ایم ایل اے باہو وکرم رندھاوا ، ایم ایل زیڈی بل تنویر صادق ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹورازم ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں ، ایونٹ کے منتظمین اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے سٹال مالکان ، ایتھلیٹس اور رضا کاروں سے بات چیت کی اور جموں و کشمیر میں ایک زندہ دل کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو سراہا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت سیاحت کو فروغ دینے کو صحت مند طرز زندگی کے ساتھ مربوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ اس سلسلے میں ایتوار کو ہم افتتاحی جموں ہاف میراتھن کے ساتھ ساتھ 10 کلو میٹر اور 5 کلو میٹر کے ایونٹس کی میزبانی کریں گے ، یہ بات بڑی خوشی کی ہے ۔ ‘‘ جے اینڈ کے بینک ٹائٹل اسپانسر کے طور پر آگے آیا ہے اور اس ایونٹ کو بہت حوصلہ افزاء رسپانس ملا ہے جس میں جے اینڈ کے سے باہر سے بھی شرکت شامل ہے ۔