عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز اسلامی تعلیمات اور کشمیری روحانی روایت پر زور دیتے ہوئے درخت لگانے کی اہمیت پر زور دیا، لوگوں سے ماحول کی حفاظت کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی۔سری نگر میں اپنے پارٹی دفتر میں شجرکاری مہم کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ مذہب اور مقامی ثقافتی حکمت دونوں میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔انہوں نے معروف کشمیری بزرگ شیخ العالم کی تعلیمات کا بھی حوالہ دیا۔
پی ڈی پی سربراہ نے پارٹی دفتر میں شجرکاری مہم کی قیادت کی، جہاں کارکنان اور رضاکاروں نے پہل کے حصے کے طور پر پودے لگانے میں حصہ لیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور پورے خطے میں ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس دوران محبوبہ مفتی نے آسیہ اندرابی کے طریقہ کار اور ان کے سیاسی نظریات کے ساتھ اپنا کھلا اختلاف بیان کرتے ہوئے آسیہ اندرابی کی صحت اور عمر کا لحاظ کرتے ہوئے سنائی گئی سزا پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا: “ان کے سیاسی نظریات کے ساتھ ساتھ ہمیشہ سے میرے اختلاف رہے ہیں مگر ان کی عمر اور جیل میں بتائے گئے اتنے برسوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی سزا پر نظر ثانی کی جانے چاہئے” محبوبہ مفتی نے “عمر قید” کو “تا حیات” قید کے بجائے ایک مخصوص مدت تک کے لیے کیے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔