عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ علاقے میں تحصیل آفس آرونی میں تعینات ایک نائب تحصیلدار کو مبینہ طور پر 22,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی، اے سی بی جنوبی کشمیر کی ایک ٹیم نے کی جس کی سربراہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روف احمد کر رہے تھے ،مبینہ بدعنوانی سے متعلق مخصوص معلومات کے بعد کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ ملزم مشتاق احمد بٹ، جو ناربل بڈگام کا رہائشی ہے، رشوت وصول کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پکڑا گیا۔یہ کارروائی انسداد بدعنوانی بیورو کی جانب سے سرکاری دفاتر میں بدعنوانی کو روکنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، خاص طور پر ریونیو کے محکموں میں جہاں عوامی خدمات کی فراہمی پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ٹریپ آپریشن کو کامیابی سے انجام دینے کے بعد ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا، اور رشوت کی رقم موقع پر ہی برآمد کر لی گئی۔حکام نے مزید کہا کہ گرفتاری کے بعد، بھٹ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اونتی پورہ لے جایا گیا۔