یو این آئی
کولکتہ/انڈین پریمیئر لیگ کی معروف فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز ( کے کے آ ر) نے اپنے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر آندرے رسل کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ان کی مخصوص جرسی نمبر 12 کو ریٹائر کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب مستقبل میں کے کے آر کا کوئی بھی کھلاڑی یہ نمبر زیب تن نہیں کر سکے گا۔آندرے رسل نے 2014 سے 2025 تک (سوائے 2017 کے) نائٹ رائیڈرز فیملی کے ساتھ ایک طویل اور کامیاب سفر طے کیا۔
انہوں نے اپنے مجموعی 140 آئی پی ایل میچوں میں سے 133 مقابلے صرف کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلے، جو ان کی ٹیم کے ساتھ گہری وابستگی کا ثبوت ہے۔رسیل کے کے آر کی ان دونوں ٹیموں کا حصہ رہے جنہوں نے 2014 اور 2024 میں آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتا۔ خاص طور پر 2024 کا سیزن ان کے کیریئر کا یادگار ترین سال ثابت ہوا، جہاں انہوں نے 15 میچوں میں 185 کے برق رفتار اسٹرائیک ریٹ سے 222 رنز بنائے اور 19اہم وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو دوسری بار چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔گزشتہ سال نومبر میں آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعد، رسیل نے اب کے کے آر میں بطور پاور کوچ اپنی نئی اننگز کا آغاز کر دیا ہے۔