بیماروں کو پیدل اور ویل چیئر پر جانے میں بھی مشکلات
سرینگر//کشمیروادی کے سب سے بڑے اور تاریخی شفاخانہ صدر ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں ہمہ وقت بیماروںکا رش رہنے کی وجہ سے یہاں خاصادبائو رہتا ہے ،اور شاید اسی لئے اس شعبے کافرش ٹوٹ پھوٹ جاتاہے ،سیمنٹ اکھڑ جاتی ہے ،ٹالین ٹوٹ جاتی ہیں ،اور پھر بیماروں وتیمارداروں کیساتھ ساتھ اسپتال عملے کو بھی چلنے پھرنے میں دشواری پیش آتی ہے ۔اورحتیٰ ویل چیئرس پر مختلف ٹیسٹوں کیلئے جانے والے بیماروں کو گرنے کا خطرہ رہتاہے ۔ شعبہ ایمرجنسی میں جب ڈاکٹر کسی بیمار کو ٹیسٹ کرانے کا کہتے ہیں،تو بیماروں چاہئے وہ پیدل جارہے ہوں یاکہ ویل چیئر پر بیٹھ کر اُن کو پھسلنے یا گرنے کا خطرہ رہتاہے ،کیونکہ ایمرجنسی شعبے سے مختلف لیبارٹری رومز تک کا فرش اکثر جگہوں پر اکھڑ گیاہے ،ٹالیں بھی ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔
ایک عینی خاتون تیمار دار نے اسپتا ل کے اندرون فرش کی تصاویر بطور ثبوت ارسال کرتے ہوئے بتایاکہ صدر اسپتال کے اندرون فرش خصوصاًایمرجنسی شعبے کافرش جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ گیاہے ،سیمنٹ اکھڑگیا ہے ،ٹالین ٹوٹ گئی ہیں،جس وجہ سے یہاں لوگوں بشمول بیماروں ،تیمارداروںاور اسپتال عملے کو بھی چلنے پھرنے میں دشواری پیش آتی ہے ۔خاتون تیمار دار نے بتایاکہ اتوار کی رات ،ایک بزرگ بیمار خاتون ،تب ویل چیئرسے منہ کے بل گرتے گرتے زخمی ہونے سے بچ گئی ،جب اس خاتون کو ٹیسٹ کیلئے ایک کمرے کی جانب لیاجارہاتھا۔انہوںنے کہاکہ بزرگ خاتون کے ویل چیئر کو اسکے رشتہ دار نے پکڑ کر اُلٹنے سے بچالیا ۔خاتون تیماردار نے بتایاکہ صدر اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی پر بہت زیادہ دبائو رہنے کی وجہ سے یہاں فرش کو نقصان پہنچناکوئی نئی بات نہیں ہوسکتی ہے ۔انہوںنے اسپتال منتظمین پر زوردیاکہ و ہ ایمرجنسی شعبے کی حدود میں فرش کی فوری مرمت کروائیں اور ٹوٹی ہوئی ٹالیوںکو بدلاجائے ،تاکہ یہاں کوئی حادثے پیش نہ آئے۔صدر اسپتال کے ایک ملازم نے ایمرجنسی شعبے کی فرش کے کچھ جگہوں پرٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی بات تسلیم کرتے ہوئے بتایاکہ اس شعبے میں چوبیسوں گھنٹے بیماروں اور اُن کے رشتہ داروں کے آنے جانے کی وجہ سے فرش کو نقصا ن پہنچتا ہے لیکن اسکی جلدی مرمت کرائی جاتی ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ ایمرجنسی شعبہ ہی نہیں صدر اسپتال کے اندرجہاں کہیں بھی فرش مرمت طلب بن جاتی ہے تووہاں متعلقہ شعبے کی جانب سے فوراً مرمت کروائی جاتی ہے ۔اسپتال ملازم نے بتایاکہ ایمرجنسی شعبے کی حدود میں جہاں کہیں بھی فرش کومرمت کی ضرورت ہوگی ،وہاں یہ کام جلد ہی ہاتھ میں لیاجائے گا۔