عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں بجٹ اجلاس کے 27 مارچ کو دوبارہ آغاز سے قبل حکمران جماعت نیشنل کانفرنس اہم قانون سازی کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت لینڈ گرانٹ بل 2025 پیش کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔پارٹی ترجمان تنویر صادق نے اس بل کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2022 میں کی گئی پالیسی تبدیلیوں نے غریب عوام کے زمینی حقوق کو متاثر کیا، جنہیں بحال کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں سرکاری بلوں کے ساتھ ساتھ نجی اراکین کے بل بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں لینڈ گرانٹ بل نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ قانون غریب لوگوں کی زمینوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی واپسی کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گا۔ 2022 میں متعارف کردہ پالیسی کے تحت لیز پر دی گئی زمینوں کی توسیع کا عمل ختم کر دیا گیا تھا، جس کے باعث کئی طبقات، خصوصاً کمزور طبقے، متاثر ہوئے۔یاد رہے کہ گزشتہ اسمبلی اجلاس میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی لیڈروحید پرہ کی جانب سے پیش کردہ اسی نوعیت کے بل کو حکومت نے مسترد کر دیا تھا، تاہم اب این سی اس معاملے کو ازسرنو اٹھانے جا رہی ہے۔