عظمیٰ نیوز سروس
اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی کے سنٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ میں ایک ہفتہ طویل ایڈوانسڈ انٹرپرینیورشپ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ پروگرام 9 سے 16 مارچ 2026 تک منعقد ہوا جس کا موضوع پھلوں کے تحفظ اور ویلیو ایڈیشن کے جدید طریقے تھا۔ اس پروگرام کا انعقاد شعبہ فوڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا گیا۔اختتامی تقریب کی صدارت ڈاکٹر قیصر جاوید گیری، ڈین اسکول آف انجینئرنگ نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں زرعی و غذائی شعبے میں سائنسی علم کو کاروباری صلاحیتوں کے ساتھ جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام طلبہ اور نوجوان کاروباری افراد کو عملی مہارتیں اور نئے نظریات فراہم کرتے ہیں جس سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔اس موقع پر سی آئی ای ڈی کے ڈائریکٹر پروفیسر پرویز اے میر نے کہا کہ یونیورسٹی جدت اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے مختلف تربیتی پروگرام منعقد کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نوجوانوں کو فوڈ پروسیسنگ جیسے شعبوں میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ خوراک کے تحفظ اور ویلیو ایڈیشن کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔