آشنا خود رازِ فطرت سے کرائے شاعری
جانبِ قدرت ملی ہے جب متاعِ شاعری
کیوں نہ کرلیں پار پھر ہم آبنائے شاعری
ہر کس و ناکس کو یہ دولت کبھی ملتی نہیں
ہوتے ہیں لاکھوں میں کچھ پیکر برائے شاعری
منفرد ہوتا ہے اکثر خلقِ عالم کا مزاج
کچھ نہ کچھ کرتا ہے ہر اِک ماسوائے شاعری
طبعِ نازک مائیلِ شعر و سخن ہوجائے گر
عُود آتی ہے ذہن میں خود فضائے شاعری
عصر میں کرتے ہیں شاعر یُوں تو سب دعوائے شعر
ہے جاننا صرف ونحوِ لازم برائے شاعری
شاعری کا درس دیتا ہے نہیں جامعۂ کوئی
البتہ بِن رُشدِ کامل مطلق نہ آئے شاعری
اِک مُسلسل مشق سے بدلے ہے خود فکرو خیال
آشنا خود رازِ فطرت سے کرائے شاعری
قابلِ ترمیم ہوتا ہے نہیں شاعر کا ذوق
آتی ہے قلب و جگر سے اُس کو صدائے شاعری
ذوعم ہے مجھ کو کہ میں ہوں دہر میں رُشدِ نشاطؔ
بعد اُس کے اب بھی جاری ہے نوائے شاعری
یہ بتادوں احتراماً کاتبِ اخبار سے
ساختِ الفاظ موزوں ہی سجائے شاعری
چھپ رہا ہوں دیرسے عُشاقؔ ہند و پاکؔ میں
جیتے جی کچھ اور بھی جوہر دکھائے شاعری
عُشاقؔ کشتواڑی
صدر انجمن ترقی اردو (ہند)شاخ چناب ویلی کشتواڑ،جموں
موبائل نمبر؛9697524469
صبح کی تلاش
صبح جوانی
شام بڑھاپا
صج طاقت
شام تھکاوٹ
صبح خوشی
شام کا غم
میری پیاری پیاری
صبح کب آئیگی۔
تاریکی ،ظلمتیں
کب دور ہونگی
نئے اُجالے کی
تلاش ہے مجھے
بس رات
کسی پر نہ
چھا جائے،
روشن دن
سایہ فگن
سب پر ہو۔
تاریکی نا پسند
روشنی پسند
شب کا نام نہ لوں
ہر ایک پر
دن کا نور
تا دمِ حیات رہے۔
رات کتنی
لمبی ہو
صبح
آکر ہی رہتی ہے
یوضاؔ وسیم بٹ
نزدیک ویٹرنری ہاسپیٹل کشتواڑ
ابھرتا سورج
سب کہتے ہیں
شام خوبصورت ہوتی ہے…
جب سورج آہستہ آہستہ
خاموشی میں ڈوب جاتا ہے۔
مگر میری پسند
کچھ اور ہے۔
مجھے وہ لمحہ پسند ہے
جب رات تھک کر سو جاتی ہے،
اور روشنی
دھیرے دھیرے زمین پربکھر جاتی ہے۔
اس سورج کی کوئی اوقات نہیں،
جو اندھیروں کا دامن گیرہو…
میں تو اُبھرتے سورج سے محبت کرتی ہوں،
جو ہر دل میں روشنی جگائے۔
وہ سورج
جو اداسی بانٹے،
مجھے اس کی کوئی پروانہیں!
مجھے وہ اُجالا چاہیے
جو ٹوٹے ہوئے خوابوں کو جوڑ دے،
جو تھکے ہوئے حوصلوں کو
پھر سے کھڑا کر دے۔
میں ڈوبنا نہیں چاہتی،
میں رکنا نہیں جانتی۔
میں ہر صبح
خود سے وعدہ کرتی ہوں
آج پھر روشنی بنوں گی۔
اسی لئے
میں سویرا چاہتی ہوں،
میں اُمید چنتی ہوں،
میں اپنی راہ خود بناتی ہوں۔
اور جب دنیا پوچھے کہ
تم اتنی روشن کیسے ہو؟
میں مسکرا کر کہوں گی کہ
میں اندھیروں سے نہیں،
میں سورج سے دوستی کرتی ہوں۔
راشیدہ یاسمین
سکلیشپور (ہاسن،کرناٹک )
موبائل نمبر؛9035972491