یواین آئی
برازیلیا/ برازیل میں فٹبال میچ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے شدید جھگڑے نے ایک نیا اور انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں ریفری نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سب سے زیادہ 23ریڈ کارڈز دکھا کر سب کو حیران کر دیا۔تفصیلات کے مطابق، کیمپیوناتو مینیرو کے فائنل میں روایتی حریف کلبوں، کروزیرو اور ایٹلیٹیکو مینیرو کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ جاری تھا۔ میچ کے آخری لمحات میں جب کروزیرو کو 0-1 کی برتری حاصل تھی، اس وقت میدان میں کشیدگی پھیل گئی جب ایٹلیٹیکو مینیرو کے گول کیپر ایورسن نے کروزیرو کے مڈفیلڈر کرسٹن کو زوردار دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔اس واقعے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی اور میدان کسی جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
صورتحال اس قدر سنگین ہو گئی کہ مقامی سیکیورٹی عملے کو میدان میں داخل ہو کر کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنا پڑا۔ میچ ریفری نے سخت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کے مجموعی طور پر 23 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا، جو برازیلین فٹبال کی تاریخ کا ایک بدترین واقعہ بن گیا ہے۔میچ کے اختتام پر ایٹلیٹیکو مینیرو کے اسٹار کھلاڑی ہلک نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا۔ دوسری جانب، کروزیرو کے کوچ ٹائٹ نے کشیدہ ماحول کے باوجود ٹیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا اور مداحوں کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔