عظیٰ سپورٹس ڈیسک
احمد آباد// ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نیوزی لینڈ کو با آسانی شکست دیکر ایونٹ کی تاریخ میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔احمدآباد میں جاری فائنل میں نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز سکور کیے۔ بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن 89رنز بنا کر نمایاں رہے۔ایشان کشن 54، ابھیشیک شرما 52، ہاردک پانڈیا 18اور کپتان سوریا کمار یادو0کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ شِیوم دوبے 26اور تِلک ورما 8رنز بنا کرناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رچِن رویندرا نے 1وکٹ حاصل کی۔256رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19اوور میں 159رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب ٹم سائفرٹ نے 52اور کپتان مچل سینٹنر نے 43رنز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم بھارت کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ٹیم کو فتح نہ دلواسکے۔بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4 اور اکشر پٹیل نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مبارکباد
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹی 20ورلڈ کپ میں کامیابی پر بھارتی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے ۔وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’چمپئنز! ۔بھارت کی ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی20ورلڈ کپ جیتنے پر دلی مبارکباد!۔یہ شاندار کامیابی ان کی بہترین مہارت، عزم اور ٹیم ورک کی غمازی ہے۔ پوری ٹورنامنٹ میں انھوں نے شاندار حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔اس فتح نے ہر بھارتی دل کو فخر اور خوشی سے بھر دیا ہے۔زبردست کام، ٹیم انڈیا! ‘‘۔وزیر داخلہ امت شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میںٹیم کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’کیا شاندار فتح ہے!!۔دنیا کے چمپئن ٹیم انڈیاکو سلام!۔ٹورنامنٹ کے دوران آپ کی غیر معمولی کارکردگی اور دلیری کی بھرپور نمائش نے قوم کے لیے فخر اور عظمت کی کرنیں روشن کر دی ہیں۔ پوری ٹیم کو دلی مبارکباد، جس نے ہر بھارتی کو فخر سے سرشار کر دیا‘‘۔