رازدان پاس پر برفباری سے گریز شاہراہ بند
سرینگر//9 مارچ کی رات سے 12 مارچ تک جموں و کشمیر میں ایک اعتدال سے شدید مغربی ڈسٹربنس متاثر کرنے والا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس عرصے کے دوران میدانی علاقوں میں کہیں کہیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوگی، گرج چمک کیساتھ بارش ہوسکتی ہے اور تیز ہوائوں کیساتھ بھی بارش ہوگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھاری بارش نہیں ہوگی اور میدانی علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان بھی زیادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کو زوجیلا،رازدان پاس اور اونچے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی اور وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی جاری رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ 11اور 12کے درمیان سونمرگ-،زوجیلا محور، سنتھن ٹاپ،پیر کی گلی، رازدان ٹاپ،سادھنا ٹاپ، وادی گریز اور دیگر بالائی علاقوں سمیت اونچی جگہوں پر بھاری برف باری کا امکان ہے۔ انتہائی اونچائی تک بہت زیادہ برفباری بھی متوقع ہے۔
البتہ وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں اعتدال سے لے کر تیز بارش / تیز ہوائیں / گرج چمک کے ساتھ شمالی کشمیر میں زیادہ سرگرمی ہوگی۔ 10 اور 12 مارچ کی شام کو چوٹی کی سرگرمی متوقع ہے۔ادھربانڈی پورہ گریز روڈ رازدان ٹاپ پر برف باری کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ایس ڈی ایم نے کہا، “رازدان ٹاپ پر برف باری اور احتیاطی اقدام کے طور پر، بانڈی پورہ گریز روڈ پر آمد و رفت اگلے احکامات تک معطل رہے گی۔”یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا جب برف باری کی وجہ سے رازدان پاس پھسلن سے ٹریفک کے لیے غیر محفوظ بن گیا۔رازدان ٹاپ، جو 11,000 فٹ سے زیادہ کی بلندی پر واقع ہے، وادی گریز اور بانڈی پورہ ضلع سے ہوتے ہوئے کشمیر کے باقی حصوں کے درمیان مرکزی سڑک کے رابطے کا کام کرتا ہے۔