بینک کے ترقیاتی سفر میں تاریخی سنگ میل:ایم ڈی امیتاوا چٹرجی
جموں//جموں و کشمیر بینک نے ملک کے ریٹیل بینکنگ سیکٹر بالخصوص مرکز کے زیرِ انتظام علاقے سے باہر اپنی موجودگی کو مستحکم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، ملک کی دو معروف نان بینکنگ فائنانشل کمپنیوں (NBFCs)کے ساتھ ‘کو-لینڈنگ’ (Co-lending)کے اسٹریٹجک معاہدوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔بینک نے ہوم لون(مکانات کے لیے قرضے)کے شعبے میں ہوم فرسٹ فائنانس کمپنی انڈیا لمیٹڈ (HFFC) اور گولڈ لون کیلئے آئی آئی ایف ایل (IIFL) فنانس کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ معاہدے پر دستخط بینک کے زونل آفس جموں میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کئے گئے ، جس کی صدارت ایم ڈی اور سی ای او امیتاوا چٹرجی نے کی۔ ان مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs)پر دستخط کیے گئے۔
بینک کی جانب سے جنرل منیجر راکیش مگوترا جبکہ ایچ ایف ایف سی (HFFC)کے ایم ڈی منوج وشواناتھن اور آئی آئی ایف ایل (IIFL)کے سینئر وائس پریذیڈنٹ کیرتی تھمناگوڈر نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی امیتاوا چٹرجی نے اس اقدام کو بینک کے ترقیاتی سفر میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’کو-لینڈنگ ایک ایسا طاقتور ماڈل ہے جو ہمارے بینک کے وسیع ڈپازٹ بیس اور برانچ نیٹ ورک کو ان کمپنیوں کی جدید ٹیکنالوجی اور قرضوں کی فوری فراہمی کی صلاحیت کے ساتھ جوڑتا ہے۔ ہمارا مقصد ان طبقات تک پہنچنا ہے جنہیں بروقت اور مخصوص مالیاتی سہولیات کی ضرورت ہے‘‘۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا اور جی ایم راکیش مگوترا نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ اس اشتراک سے چھوٹے کاروباری اداروں اور مکان خریدنے والے صارفین کو آسان شرائط پر سرمایہ فراہم ہو سکے گا، جس سے ان کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔