یو این آئی
ممبئی//مغربی ایشیا میں جاری جغرافیائی سیاسی بحران کے درمیان بدھ کو گھریلو اسٹاک مارکیٹوں میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی اور اہم انڈیکس تقریباًڈیڑھ فیصد تک گر گئے۔بی ایس ای کا سینسیکس 1,122.66پوائنٹس (1.40فیصد)گر کر 79,116.19 پر بند ہوا، جو تقریباً نو ماہ میں اس کی کم ترین سطح ہے۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای)کا نفٹی 50انڈیکس بھی 385.20 پوائنٹس یعنی 1.55 فیصد ٹوٹ کر چھ ماہ کی نچلی سطح 24480.50 پوائنٹس پر رہا۔صبح کے کاروبار میں دونوں انڈیکس دو فیصد کی گراوٹ میں تھے۔درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں پر زیادہ دبا رہا۔ نفٹی مڈ کیپ 50 انڈیکس 1.95 فیصد اور اسمال کیپ 100 انڈیکس 2.11فیصد گر کر بند ہوا۔شیئر مارکیٹ میں اتھل پتھل کے امکان کا انڈیا وی آئی ایکس انڈیکس 23 کے پار پہنچ گیا۔
گزشتہ کاروباری دن پر یہ 17.10 رہا تھا۔آئی ٹی کے علاوہ تمام سیکٹردبا میں رہے۔ این ایس ای میں پبلک سیکٹر کے بینکوں، دھاتوں، میڈیا اور تیل و گیس گروپوں کے انڈیکس تین فیصد سے زیادہ کی گراوٹ میں تھے۔ آٹو، کنزیومر ڈیریبل اور فنانس سیکٹر کے انڈیکس دو فیصد سے زیادہ گر گئے۔ دیگر تمام اشاریوں میں بھی ایک فیصد سے زیادہ گراوٹ رہی۔ سینسیکس کی کمپنیوں میں ٹاٹا اسٹیل کا شیئر پونے ساتھ فیصد لڑھک گیا۔ ایل اینڈ ٹی میں ساڑھے چار فیصد کی گراوٹ رہی۔ بجاج فائنانس، الٹرا ٹیک سیمنٹ اور این ٹی پی سی کے حصص تین فیصد سے زیادہ گر گئے۔بجاج فنسرو، کوٹک مہندرا بینک، اڈانی پورٹس، ہندوستان یونیلیور اور ٹرینٹ کے حصص دو سے تین فیصد کے درمیان گر گئے۔ پاور گرڈ، ایکسس بینک، ماروتی سوزوکی، بی ای ایل، ایچ ڈی ایف سی بینک اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں ایک سے دو فیصد کے درمیان کمی ہوئی۔ ٹی سی ایس، ایٹرنل، ایشین پینٹس، ریلائنس انڈسٹریز، آئی سی آئی سی آئی بینک اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کے حصص میں بھی گراوٹ میں رہے۔ایئرٹیل میں تقریباً پونے دو فیصد کی تیزی رہی۔ انفوسس کا شیئر بھی ڈیڑھ فیصد چڑھ گیا۔ ٹیک مہندرا بھی فائدہ کے ساتھ بند ہوا۔