عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر سرتاج احمد شاہ نے لالمنڈی کمپلیکس میں مختلف اہم زرعی اسکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور آنے والے زرعی سیزن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔معائنے کے دوران انہوں نے فلوریکلچر ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت انفراسٹرکچر، نرسری آپریشنز اور تجارتی پھولوں کی کاشت کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پیداوار اور معیار میں بہتری کے ساتھ مارکیٹ روابط مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔
کچن گارڈن اسکیم کے تحت بیجوں اور پنیری کی تیاری و تقسیم کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس اسکیم کا مقصد گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دے کر غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ڈائریکٹر نے انٹی گریٹڈ مشروم ڈیولپمنٹ سینٹر (IMDC)کا بھی دورہ کیا جہاں سپان پروڈکشن، کمپوسٹ سہولیات اور تربیتی پروگراموں کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مشروم کاشتکاروں کو بروقت معیاری سہولیات اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے۔اجلاس کے دوران آئندہ زرعی سیزن کے لیے بیج، کھاد، پودا جات کی دستیابی، کیڑوں اور بیماریوں سے بچا کی حکمت عملی اور موسمی تبدیلیوں سے ہم آہنگ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کسان دوست خدمات اور پائیدار زراعت کے فروغ پر زور دیا۔