ریاستی الیکشن کمشنر صدارت کرینگے ،ڈی سیز اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہونگے
سرینگر//ریاستی الیکشن کمشنر شانت مانونے آج یعنی منگل کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے جس میں پنچایتی انتخابی فہرستوں کی نظرثانی اور شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بیز) کی حدبندی کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ریاستی الیکشن کمشنرآج دوپہر 2:30بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں پنچایت انتخابی فہرست 2026کی نظرثانی اوربلدیاتی اداروںکی حدبندی کے عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔اجلاس میں سیکریٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج، ڈپٹی کمشنر جموں، ڈائریکٹر دیہی ترقی محکمہ جموں اور ڈائریکٹر پنچایتی راج جموں و کشمیر کی ذاتی طور پر شرکت متوقع ہے، جبکہ دیگر 19اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران کو ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب جموں و کشمیر میں پنچایتی راج کے تینوں درجوں اور شہری بلدیاتی ادارے انتخابات میں تاخیر کے باعث غیر فعال ہیں۔اگرچہ 2026 میں پنچایت انتخابات کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں، تاہم رواں برس شہری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا امکان موجود ہے۔حال ہی میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران جموں و کشمیر حکومت نے انکشاف کیا کہ یونین ٹیریٹری کے 77 میں سے 5 شہری بلدیاتی اداروں میں حدبندی کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ حکومت کے مطابق 72 یو ایل بیز میں حدبندی مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی پانچ میں عمل جاری ہے۔حکومت نے یہ بھی بتایا کہ ڈیڈیکیٹڈ بیک ورڈ کلاسز کمیشن کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ مجاز اتھارٹی کے زیر غور ہے اور اسی کے مطابق شہری بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے لیے آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔ مذکورہ رپورٹ کا مقصد یو ایل بیز اور پنچایتوں میں او بی سی طبقے کو ریزرویشن فراہم کرنا ہے۔واضح رہے کہ پنچایتی راج نظام کی پہلی دو سطحوں—پنچایتیں اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلز—کی مدت 9 جنوری 2024 کو ختم ہو گئی تھی، جبکہ تیسری سطح یعنی ضلع ترقیاتی کونسلز کی میعاد 24 فروری 2026 کو اختتام پذیر ہوئی۔ اسی طرح منتخب شہری بلدیاتی اداروں کی مدت اکتوبر-نومبر 2023 میں ختم ہو چکی ہے۔