عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/دارالافتاء جموں و کشمیر نے ماہِ رمضان المبارک کے پیش نظر صدقۂ فطر کی مقدار فی کس 80 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین دفترسے جاری اعلامیے کے مطابق صدقۂ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان مرد و عورت پر واجب ہے، جو عیدالفطر کی نماز سے قبل ادا کرنا ضروری ہے تاکہ مستحقین اور ضرورت مند افراد بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ احتیاطاً فی کس 80 روپے ادا کیے جائیں، جبکہ گندم کی موجودہ قیمت کے حساب سے کم از کم رقم تقریباً 77 روپے بنتی ہے۔ تاہم عوام الناس کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مقررہ رقم یا اس سے زائد اپنی استطاعت کے مطابق ادا کریں۔
دارالافتاء نے واضح کیا ہے کہ صدقۂ فطر بچوں اور گھر کے دیگر زیرِ کفالت افراد کی جانب سے بھی ادا کرنا ہوگا۔ مزید کہا گیا ہے کہ صدقۂ فطر مستحقین، غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مند افراد کو دیا جائے تاکہ وہ بھی عیدالفطر کی تیاری کر سکیں۔اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صدقۂ فطر بروقت ادا کریں تاکہ ضرورت مندوں تک عید سے قبل مالی مدد پہنچ سکے۔
دارالافتاء جموں و کشمیر کا اعلان: صدقۂ فطر کی مقدار 80 روپے مقرر