عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //پٹیالہ ہائوس کورٹ نے بدھ کو دہلی دھماکہ کیس کے دو ملزمین طفیل احمد بھٹ اور ضمیر احمد آہنگر کو 10 دن کے لیے قومی تحقیقاتی ایجنسی کی تحویل میں دے دیا۔تفتیشی ایجنسی کے مطابق ان پر الزام ہے کہ وہ اسلحہ اور گولہ بارود اکٹھا کر رہے تھے۔ ضمیر احمد آہنگر کو عمر النبی، مفتی عرفان احمد اور ڈاکٹر عدیل احمد راتھر نے ایک رائفل، ایک پستول اور زندہ گولہ بارود دیا۔ دونوں ملزمان کا تعلق انصار غزوات الہند سے تھا۔این آئی اے نے ملزموں سے مزید مخصوص تفصیلات حاصل کرنے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیچھے بڑی سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے 15 دن کی تحویل مانگی تھی۔ملزمان کو جموں و کشمیر پولیس نے پروڈکشن وارنٹ پر دہلی لایا تھا، ان کی تحویل این آئی اے کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پتامبر دت نے بند کمرے میں کارروائی کرنے کے بعد ملزمین کی 10 دن کی تحویل منظور کی۔دریں اثنا، این آئی اے عدالت نے 7 ملزمان کی عدالتی حراست میں 13 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔