۔ 26فروری کیلئے اہم راستوں پر عارضی پابندیوں کا اعلان
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب صدر ہند سی پی رادھا کرشنن کے مجوزہ دورے کشمیر کے پیش نظر ٹریفک پولیس سری نگر نے 26 فروری کے لیے ایک جامع ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہر کے متعدد اہم راستوں پر عارضی پابندیوں اور ٹریفک کی ازسرِنو ترتیب کا اعلان کیا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بڈیاری چوک اور گپکار کے راستے نشاط، شالیمار، ہارون اور ملحقہ علاقوں کی طرف کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح رام منشی باغ سے گرینڈ پیلس کی جانب ٹریفک مکمل طور پر بند رہے گا، اور گاڑیوں کو ڈلگیٹ، سنگرمال اور اخوان چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا کہ ڈلگیٹ سے خانیار، رعنا واری، سعدہ کدل اور حضرت بل تک جانے والا پورا روٹ مکمل طور پر بند رہے گا، اور اس دوران کسی بھی قسم کی گاڑی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نشاط، شالیمار، ہارون، گاندربل اور قریبی علاقوں سے لال چوک کا سفر کرنے والے مسافروں کو برزہامہ راستہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جو چندپورا، تیل بل، ذکو رہ، مل باغ، الٰہی باغ اور 90 فٹ روڈ سے گزرتا ہے۔ اسی روٹ کو واپسی کے لیے بھی استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈلگیٹ، لال چوک اور ملحقہ علاقوں سے نشاط، شالیمار اور ہارون جانے والے مسافروں کے لیے سنگرمال، اخوان چوک، نوہٹہ، 90 فٹ اور مل باغ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت ہے۔ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کے لیے بھی مخصوص روٹ جاری کیا گیا ہے۔ نائب صدر کی آمد کے دوران ہارون، نشاط اور شالیمار سے ہوائی اڈے کی طرف جانے والی گاڑیوں کو برزہ ہامہ—چندپورا—تیل بل—زکورہ—مل باغ—الٰہی باغ—90 فٹ روڈ کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔اسی طرح پانتہچھوک اور پاندریٹھن سے آر ایم باغ کی طرف جانے والے گاڑیوں کو پیکس، نوگام اور بائی پاس روٹ اختیار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے کہا کہ طبی ایمرجنسی کے معاملات میں جانچ کے بعد فوری سہولت فراہم کی جائے گی۔عوام کسی بھی مدد کے لیے ٹریفک پولیس کنٹرول روم سری نگر کے ہیلپ لائن نمبر 103 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔