نوشہرہ میں دریائے مناور کے کنارے خصوصی صفائی مہم چلائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ//پانی کو قدرت کا انمول تحفہ اور انسانی زندگی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے سنت نیرنکاری مشن کی جانب سے ملک بھر میں پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی صفائی کے لئے ایک وسیع مہم کا انعقاد کیا گیا، جس نے سماجی ذمہ داری اور خدمت کے جذبے کی ایک نئی مثال قائم کی۔ ’صاف پانی، صاف ذہن‘ مہم کے چوتھے مرحلے کے تحت ہندوستان کی 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 930 شہروں میں 1600 سے زائد مقامات پر صفائی سرگرمیاں انجام دی گئیں، جن میں تقریباً دس لاکھ رضاکاروں نے حصہ لیا۔یہ مہم ستگورو ماتا سدیکشا جی مہاراج اور نیرنکاری راجپیتا رامیت جی کی رہنمائی میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد قدرتی آبی ذخائر، دریاؤں، تالابوں، جھیلوں اور ساحلی علاقوں کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ منتظمین کے مطابق یہ صرف صفائی مہم نہیں بلکہ روحانیت، خدمت اور اجتماعی شعور کو فروغ دینے کی ایک عملی کوشش ہے۔اسی سلسلے میں سنت نرننکاری مشن برانچ نوشہرہ کی جانب سے ستگورو بابا ہردیو سنگھ جی مہاراج کے یومِ پیدائش کے موقع پر دریائے مناور کے کنارے صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ علی الصبح رضاکار بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوئے اور پلاسٹک سمیت مختلف اقسام کے کچرے کو ہٹا کر ماحول کو صاف کیا۔ مشن کے مقامی سربراہ تارا چند نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن میں ہزاروں مقامات پر صفائی مہم کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ خدمت اور ماحول کے تحفظ کا پیغام تیزی سے عام ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چوکی، لام، جھنگڑ، ناریاں، ماوا اور راجوری سمیت مختلف علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی سرگرمیاں انجام دی گئیں تاکہ صاف پانی تک رسائی اور ماحولیاتی توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سابق وارڈ کونسلر روہت کوہلی، روی کانت گپتا، دھرم ویر گپتا، سکھ دیو شرما اور محمد افضل سمیت دیگر معززین بھی موجود رہے۔سنت نرننکاری چیری ٹیبل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری ’پروجیکٹ امرت‘کو بابا ہردیو سنگھ جی مہاراج کی تعلیمات سے متاثر قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انسانیت کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگی میں رہنے کا پیغام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خصوصی ستسنگ پروگرام میں ستگورو ماتا سدیکشا جی مہاراج نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ حقیقی خراجِ عقیدت الفاظ سے نہیں بلکہ عملی خدمت، محبت اور ہمدردی سے ادا کیا جاتا ہے۔