عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// ضلع کولگام میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں ایک رہائشی مکان اور تین گاو خانوں کو نقصان پہنچا ہے۔پہلا واقعہ ہم پتھری ڈی کے مرگ کولگام میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان لپیٹ میں آ گیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم لکڑی کے ڈھانچے کے باعث شعلوں پر فوری قابو پانا ممکن نہ ہو سکا جس کے نتیجے میں رہائشی مکان اور گاو خانے کو نقصان پہنچا ہے۔دوسرا واقعہ واتھورہ دیوسر میں پیش آیا، جہاں دو الگ گاو خانوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی رضاکاروں اور فائر سروسز نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، مگر دونوں گاوخانے مکمل طور جل گئے۔ پولیس نے دونوں واقعات کے سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔