سمت بھارگو
راجوری//شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے سندر بنی سیکٹر میں انجام دئیے گئے کامیاب فوجی آپریشن ’جوالا‘ میں شامل فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کی زبردست ستائش کی ہے۔ اس آپریشن کے دوران فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں جنگی سازوسامان بھی برآمد کیا۔فوج کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جنرل آفیسر کمانڈنگ وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا کے ہمراہ سندر بنی سیکٹر کا دورہ کیا۔
یہ دورہ آپریشن جوالا کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد زمینی صورتحال کا جائزہ لینا اور آپریشن میں شامل فوجی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ فوجی دستوں نے بروقت اور انتہائی درست حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس دوران اسلحہ اور دیگر جنگی نوعیت کا سامان بھی ضبط کیا گیا، جس سے ممکنہ تخریبی کارروائی کو بروقت روکنے میں مدد ملی۔ آرمی کمانڈر نے جوانوں کی فوری ردعمل کی صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے تئیں ان کے عزم کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک بنانے کے لئے فوجی اہلکاروں کی قربانیاں اور مستقل چوکسی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی دستے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔اس سے قبل جمعہ کی شام وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں لائن آف کنٹرول کے بلنوئی سیکٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسدادِ دراندازی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔بعد ازاں لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جی او سی کراسڈ سورڈز ڈویژن کے ہمراہ سندر بنی سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور حالیہ دراندازی کی کوشش ناکام بنائے جانے کے بعد مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔فوجی حکام کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تعینات جوان مسلسل چوکس اور مستعد ہیں اور کسی بھی دراندازی یا تخریبی سرگرمی کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔ فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے نگرانی اور حفاظتی اقدامات مزید مضبوط کئے جائیں گے۔مقامی حلقوں نے بھی فوج کی اس کارروائی کو سیکورٹی کے لحاظ سے اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مؤثر کارروائیاں خطے میں امن و امان کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔