محمد بشارت
کوٹرنکہ// ماہِ صیام کے دوران عوام کو معیاری اور مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تحصیل کوٹرنکہ میں مشترکہ مارکیٹ چیکنگ مہم چلائی گئی، جس کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر دکانداروں سے مجموعی طور پر 700 روپے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔یہ کارروائی تحصیلدار کوٹرنکہ سید ساحل علی کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ چیکنگ ٹیم میں محکمہ امورِ صارفین و عوامی تقسیم، محکمہ اینیمل ہسبنڈری اور پولیس کے اہلکار شامل تھے۔
ٹیم نے اچانک بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔چیکنگ کے دوران کئی دکاندار ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے، صفائی کے ناقص انتظامات اور حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے کے مرتکب پائے گئے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ حکام نے ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کو سخت تنبیہ کی کہ ایسی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔تحصیلدار سید ساحل علی نے دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے واضح طور پر ریٹ لسٹ آویزاں رکھیں تاکہ صارفین کو قیمتوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل رہیں۔ انہوں نے پلاسٹک کے ممنوعہ لفافوں کے استعمال سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ حکومتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مزید برآں گوشت، پنیر اور چکن فروخت کرنے والوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ عوام کو صاف اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔ دکانداروں کو اپنی دکانوں میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور ماحول کو صحت مند بنانے کی بھی تلقین کی گئی۔؎انتظامیہ نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران مارکیٹ چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔