سمت بھارگو
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ڈائلیسس یونٹ میں تکنیکی خرابیوں کے باعث سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں گردوں کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم ڈائلیسس پروگرام کے تحت نصب کئی مشینیں گزشتہ چند دنوں سے خراب پڑی ہیں، جبکہ باقی مشینیں بھی آر او (ریورس اوسموسس) یونٹ میں خرابی آنے کے بعد مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، جس سے ڈائلیسس خدمات ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یونٹ میں موجود تقریباً نصف ڈائلیسس مشینیں پہلے ہی ناکارہ ہو چکی تھیں، تاہم بروقت مرمت نہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔
بعد ازاں پانی صاف کرنے والے آر او نظام میں خرابی پیدا ہونے سے باقی مشینیں بھی کام کرنے کے قابل نہ رہیں، جس کے باعث مریضوں کا علاج مکمل طور پر رک گیا۔ڈائلیسس پر منحصر مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راجوری ضلع میں متبادل ڈائلیسس سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے مریض بے یار و مددگار ہو گئے ہیں۔ تیمارداروں کا کہنا ہے کہ ڈائلیسس میں ایک دن کی تاخیر بھی مریض کی جان کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ جی ایم سی راجوری میں گزشتہ تین دنوں سے خدمات تقریباً معطل ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال انتظامیہ کو مشینوں میں جزوی خرابی کے بارے میں پہلے سے علم تھا، مگر پیشگی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ افراد نے جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ صحت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ضروری طبی خدمات کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے مستقل اور مؤثر انتظامات کئے جائیں۔دوسری جانب ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ خراب مشینوں اور آر او یونٹ کی مرمت کا کام جاری ہے اور تکنیکی ماہرین مسئلہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ایک یا دو دن کے اندر تمام مشینیں دوبارہ فعال کر دی جائیں گی۔ادھر راجوری کے رکن اسمبلی افتخار احمد نے بھی معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائلیسس یونٹ کی مکمل بندش کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے کو محکمہ صحت کے وزیر کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور جلد از جلد خدمات بحال کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔