یو این آئی
سڈنی/آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کی ذمہ داری کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ڈال دی ہے۔ سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ٹیم کی حالیہ ناکامیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر کھل کر بات کی۔ کوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں زمبابوے اور سری لنکا سے شکست کی بڑی وجہ کھلاڑیوں کا ایک ساتھ مل کر پرفارم نہ کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی مخصوص کھلاڑی کی کمی کا بہانہ نہیں بنا سکتے بلکہ ہمیں اپنی مجموعی ناکامی کو تسلیم کرنا ہوگا۔ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کو سنجیدہ نہیں لیتا، میکڈونلڈ نے کہا کہ ٹیم طویل عرصے سے محنت کر رہی تھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ آسٹریلیا نے 2021کا ورلڈ کپ جیتا تھا، اس لیے ٹیم سے عوامی توقعات کا ہونا فطری بات ہے۔انہوں نے خاص طور پر زمبابوے کے خلاف میچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وہاں مزید رنز بنانے چاہیے تھے۔ ان کے بقول ٹیم کو بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ یعنی تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ شکست کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وقت درکار ہے۔ اگرچہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کم ہیں، لیکن آسٹریلوی کھلاڑی بی بی ایل اور پی ایس ایل جیسی لیگز کھیل کر اپنی تیاری جاری رکھیں گے۔