عظمیٰ نیوز سروس
فورسز نے بدھ کی صبح شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں آئی ای ڈی جیسی ایک مشتبہ شئی کو بر آمد کیا جس کو بعد میں بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح معمول کی گشت کے دوران سنفر کتے کی مدد سے پٹن کے نزدیک بارہمولہ – سری نگر قومی شاہراہ پر ایک مشتبہ شئی کو دیکھا جس کو ایک بیگ میں چھپایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کے فوراً بعد سینئر پولیس افسران، فوج اور ایس ایس بی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو محاصرے میں لے کر روڈ پر گاڑیوں اور عام لوگوں کی نقل و حمل کو بنا بر احتیاط بند کر دیا۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں بم ناکاہ بنانے والی ایک ٹیم نے اس مشتبہ شئی کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا جس کے بعد روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔