عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں سرکاری کوئلہ کانوں کے ریٹائرڈ ملازمین نے منگل کے روز اپنی پنشن اور دیگر بعد از ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کوئلہ کانوں کے باہر دھرنا دے کر متعلقہ حکام کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔احتجاج کرنے والے ریٹائرڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کالاکوٹ کی کوئلہ کانوں میں کئی دہائیوں تک خدمات انجام دیں، مگر ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے پنشن کیسز اب تک منظور نہیں کئے گئے۔ ان کے مطابق جے اینڈ کے منرلز لمیٹڈ کی جانب سے کارروائی میں تاخیر کے باعث وہ اپنے قانونی حق یعنی پنشن سے محروم ہیں۔
مظاہرین نے بتایا کہ پنشن کے علاوہ گریجویٹی اور دیگر مالی فوائد بھی ابھی تک جاری نہیں کئے گئے، جس کی وجہ سے بیشتر سابق ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھریلو اخراجات پورے کرنا اور طبی ضروریات کا انتظام کرنا اب ان کیلئے انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ایک ریٹائرڈ ملازم نے احتجاج کے دوران کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال کانوں میں سخت حالات میں کام کرتے ہوئے گزارے، لیکن آج انہیں اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مسلسل تاخیر نے انہیں ذہنی اور معاشی پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے۔احتجاجی دھرنے کے دوران ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر جلد ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ اپنی تحریک کو مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ معاملے میں فوری مداخلت کر کے زیر التوا پنشن اور دیگر واجبات قانون کے مطابق جلد از جلد جاری کیے جائیں تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو راحت مل سکے۔