عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے جمعہ کے روز ایوان کو مطلع کیا کہ یونین ٹیریٹری بھر میں اس وقت 559 ابتدائی اور اعلی تربیتی مراکز فعال ہیں، جہاں مختلف شعبہ جات میں دستکاری کی بنیادی اور جدید مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار کے سوال کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ صرف ضلع بڈگام میں 2024-25 کے دوران کریڈٹ کارڈ اسکیم برائے کاریگر و بنکر کے تحت 1,920 کاریگروں اور بنکروں کو شامل کیا گیا، جنہیں 197.23 لاکھ روپے بطور سود سبسڈی فراہم کیے گئے، جبکہ 2025-26 میں 2,015 مستفیدین کو 96.56 لاکھ روپے کی سبسڈی دی گئی۔کارخانہ دار اسکیم کے تحت گزشتہ دو برسوں میں بڈگام میں آٹھ یونٹس قائم کیے گئے، جن سے 88 کاریگر مستفید ہوئے اور 9.196 لاکھ روپے بطور وظیفہ اور اعزازیہ جاری کیے گئے۔حکومت نے مزید بتایا کہ مالی معاونت اسکیم برائے ہینڈکرافٹس و ہینڈلوم کوآپریٹوز/سیلف ہیلپ گروپس کے تحت 2024-25 اور 2025-26 کے دوران ضلع بڈگام کے مختلف بلاکس میں 49 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔اسی طرح گزشتہ دو مالی برسوں میں بڈگام میں ہینڈکرافٹس اور ہینڈلوم تربیتی مراکز کے لیے کرایہ کی مد میں 45.25 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ضلع بڈگام میں جی آئی سرٹیفکیشن لیبارٹری کے قیام سے متعلق حکومت نے بتایا کہ فی الحال مرکزی جانچ اور سرٹیفکیشن کی سہولیات سری نگر میں دستیاب ہیں اور جی آئی سرٹیفکیشن کے عمل کو غیر مرکزی بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔