عشرت حسین بٹ
منڈی // ضلع پونچھ کی تحصیل ہیڈکوارٹر منڈی میں بجلی کا نظام گزشتہ دو روز سے مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جس کے باعث قصبہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے مکین گھپ اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی مسلسل بندش نے روزمرہ معمولات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔دو روز قبل محکمہ بجلی کی جانب سے بچھائی گئی نئی طرز کی ترسیلی لائن میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ واقعے کے بعد متعدد علاقوں میں تاریکی چھا گئی اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ شام کے وقت بجلی نہ ہونے سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، جبکہ طلبہ کو بھی تعلیمی سرگرمیوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔بدھ کے روز محکمہ کے ملازمین نے متاثرہ ترسیلی لائن کی مرمت کا کام انجام دیا، تاہم شہریوں کے مطابق مرمت کے باوجود بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر جدید طرز کی ٹرانسمیشن لائنیں نصب کی گئی ہیں تو پھر بجلی کے نظام میں بہتری کیوں نہیں آ رہی۔ ان کا الزام ہے کہ غیر معیاری سامان کے استعمال کے باعث بجلی کا نظام بار بار متاثر ہو رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن چکی ہے اور بجلی کے آنے اور جانے کا کوئی مقررہ وقت نہیں۔ خاص طور پر شام کے اوقات میں بجلی کی بندش نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گھروں میں پانی کی فراہمی، موبائل چارجنگ، روشنی اور دیگر بنیادی ضروریات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں بجلی کی غیر ضروری کٹوتی کم کی جائے اور ایسا مؤثر نظام بنایا جائے جس سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں مناسب سہولت میسر نہیں آ رہی۔مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ منڈی قصبہ کے بجلی نظام کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لے کر پائیدار حل نکالا جائے تاکہ عوام کو اندھیرے اور غیر یقینی صورتحال سے نجات مل سکے۔