اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ کل شام دیر گئے تک جاری تھا ۔پورے ضلع میں پیر کے درمیانی رات سے برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا۔تازہ برف باری کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں 1فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے ۔مژھل ،کیرن اور کرناہ کے کئی علاقوں میںتازہ برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔بیکن محکمہ کے مطابق نستہ ژھن گلی (سادھنا)پراڑھائی فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ فرکیاں گلی اور زیڈ گلی مژھل پر دو فٹ کے قریب برف جمع ہونے کی اطلاع ہے ۔تازہ برف باری کی وجہ سے چوکی بل کرناہ ،سرکلی مژھل اور میلیال کیرن کی سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند ہو گئی ہیں جبکہ ان علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متا ثر ہوا ہے ۔ کرناہ کے کئی علاقوں میں بھاری برف باری کی وجہ سے اندورنی سڑک رابطے بند ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔جبڑی کرناہ میں اس وقت فوج ،پولیس اور مقامی لوگو ں نے درد ذہ میں ایک مبتلا خاتون کو چارپائی پر اٹھا کر اسپتال پہنچایا اور ان کی جان بچانے میں ایک اہم رول ادا کیا ۔بنگس وادی میں بھی بھاری برف بری ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے ۔تازہ برف باری کی وجہ سے پورے ضلع میں سردی کی لہر پھیل گئی ۔