عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور سول-فوجی اشتراک کے عزم کو جاری رکھتے ہوئے فوج کے 150 جنرل ہسپتال، راجوری نے، جو ’ایس آف اسپیڈز ڈویژن‘ کے زیرِ اہتمام کام کر رہا ہے، گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول راجوری میں خواتین کی صحت سے متعلق ایک جامع آگاہی اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔اس کیمپ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم نے شرکت کی، جن میں میڈیسن، سرجری، ناک، کان اور گلا (ENT)، امراضِ چشم اور دندان سازی کے ماہرین شامل تھے۔ ان کے ہمراہ نرسنگ افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود تھا جنہوں نے طالبات کو طبی خدمات فراہم کیں۔کیمپ کے دوران طالبات کے عمومی طبی معائنے کئے گئے، غذائی حالت کا جائزہ لیا گیا اور صحت سے متعلق انفرادی مشاورت فراہم کی گئی۔ آگاہی سیشنز میں خصوصی طور پر ماہواری کے دوران صفائی، خون کی کمی (اینیمیا) سے بچاؤ، متوازن غذا کی اہمیت، ذاتی صفائی اور خواتین سے متعلق مخصوص بیماریوں کے لئے بروقت طبی مشورہ لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔طالبات نے بھی اس پروگرام میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختصر تقاریر کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت اور بہتر صحت کے درمیان تعلق کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہا کہ تعلیم یافتہ لڑکیاں نہ صرف اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکتی ہیں بلکہ معاشرے کی مجموعی فلاح میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔فوج نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود اور قومی صحت کے مقاصد کے تحت اس نوعیت کے عوام دوست طبی اقدامات جاری رکھے گی۔