عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ریزرو بینک آف انڈیا (RBI)کی جانب سے یونین ٹیریٹریز جموں و کشمیر اور لداخ کیلئے فائنانشل لٹریسی ویک (FLW) 2026کی افتتاحی تقریب پیر کوجموں میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ چندر شیکھر آزاد، علاقائی ڈائریکٹر RBIجموں بھی موجود تھے۔تقریب میں مختلف بینکوں کے سربراہان اور سرکاری و مالیاتی اداروں کے حکام اور نمائندے بھی شامل تھے۔واضح رہے کہ آج ہی RBIکے گورنر سنجے ملہوترا نے ممبئی میں ملک گیر سطح پر فائنانشل لٹریسی ویک 2026 کا افتتاح کیا۔ RBIسنہ 2016سے ہر سال فائنانشل لٹریسی ویک مناتا آ رہا ہے جس کا مقصد عوام میں مالیاتی شعور اجاگر کرنا ہے۔اس سال فائنانشل لٹریسی ویک کا موضوع KYC محفوظ بینکاری کی طرف پہلا قدم ہے۔ موضوع کا مقصد محفوظ اور قابلِ اعتماد بینکاری نظام کیلئے KYCکی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔اپنے افتتاحی خطاب میں چندر شیکھر آزاد نے بتایا کہ گزشتہ سال ملک بھر میں گرام پنچایت سطح پر مالی شمولیت سکیموں کی تکمیل کیلئے ایک وسیع مہم چلائی گئی تھی، جس کے تحت تمام بینکوں نے صارفین کے دوبارہ KYC کا عمل مکمل کیا۔ RBIجموں نے بینکوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر اور لداخ کی تمام گرام پنچایتوں میں اس مہم کو کامیاب بنایا۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ KYCنہ صرف ایک لازمی ضابطہ جاتی تقاضا ہے بلکہ آسان اور محفوظ طریقوں سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کو CKYCسہولت سے روشناس کرایا جا رہا ہے تاکہ KYCکا عمل مزید آسان ہو سکے۔