کے این ٹی
سرینگر// کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کا ایک لائن مین بڈگام ضلع میں بجلی کی بحالی کے کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعہ کے بعد دو ہفتوں بعدزندگی کی جنگ لڑنے کے بعد فوت ہو گیا۔متوفی کی شناخت بشیر احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے جو بونہ مکہ ہامہ ماگام کا رہنے والا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حالیہ برف باری کے دوران ماگام کے بٹ پورہ کنیہامہ علاقے میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کے دوران بجلی کا شدید جھٹکا لگنے کے بعد ڈار کو شدید چوٹیں آئیں۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محکمہ بجلی کی ٹیمیں ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی کو بحال کرنے میں مصروف تھیں۔ مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگنے کے بعد ڈار جائے وقوعہ پر گر گئے اور انہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ماگام منتقل کیا گیا، جہاں سے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں سری نگر کے ایک ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔16 دن تک انتہائی طبی نگہداشت میں رہنے کے باوجود، ڈار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقات کے حصے کے طور پر متعلقہ عملے اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔