عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے ضلع بانڈی پورہ میںجاری زرعی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر موصوف نے سب ڈویژنل ایگریکلچر آفیسر (SDAO) دفتر، ایگریکلچر ایکسٹینشن آفیسر (AEO)دفتر، ضلعی اسٹور، سیڈ ملٹی پلکیشن فارم اور مٹی جانچ لیبارٹری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بیجوں کی پیداوار کے عمل کا بغور جائزہ لیا، فیلڈ اسٹاف اور افسران سے تبادلہ خیال کیا اور مٹی جانچ لیبارٹری کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ سرتاج احمد شاہ نے فصلوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے معیاری بیجوں کی تیاری اور بروقت مٹی کی جانچ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تکنیکی معیارات پر سختی سے عمل کریں، بیجوں کے معیار کو بہتر بنائیں اور کسان دوست توسیعی خدمات کو مزید مضبوط کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں طویل مدتی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے سائنسی بنیادوں پر پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے اس موقع پر محکمہ کی جانب سے زرعی طریقوں کو جدید بنانے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور کسانوں کو بروقت و موثر خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔