عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// جموں و کشمیر ٹورازم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے او ٹی ایم ممبئی 2026 میں شرکت نے قومی اور بین الاقوامی سیاحتی حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ یہ تین روزہ ٹریول مارٹ 5 سے 7 فروری تک جیو ورلڈ کنونشن سینٹر، باندرہ کرلا کمپلیکس میں منعقد ہوا، جو ایشیا کے معروف سیاحتی و مہمان نوازی پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔اس موقع پر جموں و کشمیر کو بہترین ایڈونچر ٹورازم ڈیسٹینیشن کے اعزاز سے نوازا گیا، جسے حکام نے ریاست کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔او ٹی ایم میں جموں و کشمیر ٹورازم نے ایک خصوصی پویلین کے ذریعے اپنی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا، جہاں تینوں دن زبردست رش دیکھنے کو ملا۔ حکام اور اسٹیک ہولڈرز کے مطابق جموں و کشمیر کی شرکت ٹریول مارٹ کی نمایاں جھلکیوں میں شامل رہی۔جموں و کشمیر کے وفد کی قیادت ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر، سید قمر سجاد (جے کے اے ایس) نے کی، جن کی نگرانی اور موقع پر سرگرم شرکت نے محکمہ کی کامیاب موجودگی کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر ٹورازم جموں وکاس گپتا اور دیگر سینئر افسران نے بھی نمائش میں حصہ لیا اور نمائش کنندگان، ٹور آپریٹرس اور دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں رہے۔جموں و کشمیر ٹورازم پویلین اپنی منفرد ڈیزائننگ اور برانڈنگ کے باعث خاص توجہ کا مرکز بنا۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل پویلین میں بھی جموں و کشمیر کی برانڈنگ نمایاں رہی، جبکہ خصوصی لینیارڈ برانڈنگ نے پورے مقام پر اس کی موجودگی کو مزید مثر بنایا۔پویلین میں بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحتی ماہرین نے شرکت کی۔ اس دوران ٹریول کمپنیوں، ٹور آپریٹرس اور ڈیسٹینیشن مینجمنٹ فرموں کے ساتھ کئی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن کا مقصد مستقبل کے اشتراک اور تعاون کے امکانات تلاش کرنا تھا۔پویلین کی خاص بات انٹرایکٹو سرگرمیاں رہیں، جن میں تجارتی ملاقاتوں کے علاوہ ورچوئل ریئلٹی (وی آر) کا تجربہ بھی شامل تھا، جس کے ذریعے شرکا کو جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کرائی گئی۔اس کے علاوہ کشمیری کلاسیکی موسیقی کے آلات اور روایتی دستکاریوں، خصوصا پیپر ماشی، کی نمائش بھی کی گئی، جس نے جموں و کشمیر کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کیا۔قابلِ ذکر ہے کہ او ٹی ایم ممبئی میں پہلی بار کشمیری دستکاری اور ثقافت کو اس نمایاں انداز میں پیش کیا گیا، جس کا مقصد سیاحتی تشہیر کے ساتھ ساتھ مقامی مصنوعات اور ہنرمندی کو براہِ راست عالمی سطح پر متعارف کرانا تھا۔جموں و کشمیر کی نمائندگی کرنے والے شریک نمائش کنندگان نے محکمہ ٹورازم کی مارکیٹنگ حکمتِ عملی، پویلین کے ڈیزائن اور سیاحتی صنعت سے منظم رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔حکام نے کہا کہ او ٹی ایم ممبئی 2026 میں ملنے والا مثبت ردِعمل حوصلہ افزا ہے اور امید ظاہر کی کہ اس تشہیری مہم کے نتیجے میں آئندہ سیاحتی سیزن کے دوران جموں و کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔