سمت بھارگو
پونچھ//چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی نے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی دستوں کی مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فرائض انجام دینے والے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا۔جنرل اوپیندر دویدی اس وقت جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کا اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ لیا۔ پونچھ سیکٹر میں انہوں نے اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہیں زمینی صورتحال، دفاعی انتظامات اور فوجی تعیناتی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فوج کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران تعیناتی کے انداز ،نگرانی کے جدید اقدامات اور علاقے میں نافذ سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے سیکٹر میں تعینات مختلف فارمیشنز کی مجموعی جنگی تیاری کا بھی جائزہ لیا۔واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں پہلے ہی سیکورٹی نظام کو انتہائی مستحکم بنایا گیا ہے، جبکہ حالیہ ڈرون دراندازی کے واقعات کے بعد نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔دورے کے دوران جنرل دویدی نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ معیار اور کٹھن جغرافیائی حالات میں خدمات انجام دینے کے جذبے کی بھرپور تعریف کی۔ فوجی ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی اور غیر معمولی تیاری کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر آرمی کمانڈر ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل پرتک شرما، وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے جبکہ ’ایس آف اسپیڈز ڈویژن‘ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل کوشک مکھرجی نے راجوری اور پونچھ کے ایل او سی علاقوں میں سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔بعد ازاں آرمی چیف نے ضلع راجوری کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کاؤنٹر انسرجنسی فورس رومیو ہیڈکوارٹرز میں سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں انسداد شورش آپریشنز، سرحدی نگرانی اور اندرونی سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف کے اس دورے کو خطے میں سیکورٹی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے اور جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔