غلام محمد
سوپور// ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی سوپور کی فروٹ گروورز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (ایف جی ڈی اے)کے صدر فیاض احمد ملک عرف کاکاجی اور جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے فروٹ کاشتکاروں نے بجٹ 202627میں طویل عرصے سے زیر التوا فصل بیمہ اسکیم کی منظوری پر وزیر اعلیٰعمر عبداللہ اور وزیر زراعت جاوید احمد ڈار کا شکریہ ادا کیا ہے۔فروٹ کاشتکار برادری نے اس فیصلے کو تاریخی اور نہایت ضروری قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فصل بیمہ اسکیم کی منظوری ان کے ایک اہم اور دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم قدرتی آفات، فصلوں کی ناکامی اور غیر متوقع نقصانات کی صورت میں کسانوں کے لیے ایک مضبوط حفاظتی نظام فراہم کرے گی۔ کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومت کی کسانوں کی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام کے تئیں سنجیدہ فکر کا مظہر ہے، کیونکہ کسان جموں و کشمیر کی زرعی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ایسوسی ایشن نے مقامی زراعت کے تحفظ کے حوالے سے حکومت کے مضبوط موقف کو بھی سراہا، خاص طور پر وزیر اعلی کی جانب سے امریکہ سے درآمد ہونے والے سیب اور دیگر زرعی مصنوعات پر زیرو فیصد ٹیرف کی تجویز پر تشویش کا اظہار قابلِ ستائش قرار دیا۔فروٹ کاشتکاروں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے دیگر مطالبات پر بھی ہمدردانہ غور کرے گی، جن میں کسان کریڈٹ کارڈ(کے سی سی)قرضوں کی معافی یا کم از کم سود میں چھوٹ، نیز مارکیٹ انٹروینشن اسکیم (ایم آئی ایس)کی منظوری شامل ہے۔