عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رہنما تنویر صادق نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ دونوں جماعتیں ایوان میں ایک ہی سیاسی زبان بول رہی ہیں، اور ان کے درمیان فرق صرف رنگ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حقوق کی بحالی عوام کا جائز مطالبہ ہے جسے جلد پورا کیا جانا چاہئے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نارنجی رنگ پہنتے ہیں جبکہ وحید پرہ سبز رنگ، لیکن دونوں اسمبلی کارروائی کے دوران ایک جیسی باتیں دہراتے ہیں۔ صادق نے پی ڈی پی کو جموں و کشمیر کی تباہی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ریاست کی صورتحال اس وقت بگڑنا شروع ہوئی جب 2014 میں پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا۔ ان کے مطابق اس دور کے سیاسی فیصلوں کے اثرات آج بھی ریاست اور عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ صادق نے امید ظاہر کی کہ وزیر داخلہ جلد از جلد ریاستی درجہ بحال کرنے کے وعدے کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حقوق کی بحالی عوام کا جائز مطالبہ ہے اور یہ جمہوری حقوق کے تحفظ اور شفاف حکمرانی کیلئے ناگزیر ہے۔ صادق نے زور دیا کہ عوامی امنگوں کا احترام کرتے ہوئے ریاستی درجہ کی بحالی میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔