محتشم احتشام
پونچھ //ضلع پونچھ کے معتبر دینی و تعلیمی ادارے جامعہ انوارالعلوم پونچھ میں ایک عظیم الشان، بامقصد اور روح پرور ’رحمتِ عالم کانفرنس‘کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا مقصد نبی کریم محمد مصطفی کے عالمگیر پیغامِ رحمت، امن، محبت، اخوت اور اصلاحِ معاشرہ کو عام کرنا اور موجودہ پْرآشوب حالات میں امتِ مسلمہ کی فکری و عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔کانفرنس میں ضلع بھر سے کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخ عظام، ائمہ مساجد، اساتذہ، طلباء اور عوام الناس نے شرکت کی، جس سے پورا ماحول ایمان افروز، روحانی اور علمی کیفیت سے معمور نظر آیا۔اس موقع پر جامعہ سے فراغت حاصل کرنے والے 15 حفاظِ قرآن کریم اور 15 قرّاء کی نہایت وقار اور عقیدت کے ساتھ دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد سے نوازا گیا۔ یہ روح پرور منظر حاضرین کے لئے مسرت اور فخر کا باعث بنا اور اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ مدارسِ اسلامیہ آج بھی قرآن و سنت کے سچے خادم اور ملت کے باکردار معمار تیار کر رہے ہیں۔
کانفرنس کی نمایاں خصوصیت شارحِ بخاری علامہ مولانا مفتی عاقل حسین مصباحی (بریلی شریف) کا خصوصی خطاب تھا۔ انہوں نے نہایت جامع، مدلل اور فکر انگیز انداز میں سیرتِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی ذات سراپا رحمت ہے اور آپ کا پیغام کسی ایک قوم یا طبقے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے اسوہ حسنہ سے اختلاف میں بھی امن، دشمنی میں بھی عفو و درگزر اور قوت کے باوجود عدل و انصاف کا درس دیا۔انہوں نے زور دیا کہ اگر آج کا معاشرہ سیرتِ نبوی ﷺ کو عملاً اپنا لے تو نفرت، تشدد، بدامنی اور انتشار خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔ نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے علمِ دین سے وابستگی اور معاشرتی اصلاح میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔کانفرنس سے مفتی فاروق مصباحی (نائب صدر، جماعت اہلِ سنت صوبہ جموں) نے بھی پْراثر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ دینِ اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، جہاں علم، اخلاق، کردار اور صحیح دینی فکر پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مدارس کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کریں، ان کا تعاون کریں اور اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی طرف راغب کریں۔اس عظیم الشان کانفرنس کی صدارت قائدِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا مفتی سید بشارت حسین رضوی برکاتی نے فرمائی۔ صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ ’رحمت للعالمین‘‘ ہیں اور آپ کی تعلیمات ہی دنیا کے تمام مسائل کا حل ہیں۔ امن و امان کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ سیرتِ رسول ﷺکو محض تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔جامعہ انوارالعلوم پونچھ کے پرنسپل مولانا مفتی سکندر حیات خان ازہری نے ادارے کی تعلیمی و تربیتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ جامعہ برسوں سے قرآن و سنت کی بنیاد پر طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں مصروف ہے۔ادارے کے سربراہ مولانا حافظ عبدالمجید مدنی کی زیرِ نگرانی کانفرنس نہایت نظم و ضبط، حسنِ ترتیب اور روحانی وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس پر علمائے کرام اور شرکاء نے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔کانفرنس میں شریک مقررین نے ملک میں امن و امان، باہمی بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ معاشرتی اصلاح اور دینی بقا کا مضبوط ذریعہ ہیں، لہٰذا ان سے جڑنا اور ان کا تعاون کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ کانفرنس کا اختتام ہوا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔