مرکز کی جموں کشمیر کے پروجیکٹ کو منظوری
سرینگر//مرکز نے 2.23لاکھ انتودیا انا یوجنا (AAY) خاندانوں کو ماہانہ 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کیلئے جموں و کشمیر حکومت کے ایک پروجیکٹ کو منظوری دی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے افتتاحی دن خطاب کرتے ہوئے اس منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو جموں و کشمیر حکومت کی سفارش کے بعد نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت حکومت ہند نے منظوری دی ہے۔اس اسکیم کو پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا ، یوٹیلیٹی لیڈ ایگریگیشن (یو ایل اے) ماڈل کے تحت لاگو کیا جائے گا اور اس کا مقصد قابل تجدید توانائی کے حل کے ذریعے مفت بجلی تک رسائی کو یقینی بنا کر معاشی طور پر کمزور گھرانوں کو خاطر خواہ راحت فراہم کرنا ہے۔ نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت نے جموں و کشمیر کے 2.23لاکھ AAY خاندانوں کو 200مفت یونٹ بجلی فراہم کرنے کے ایک منصوبے کو منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کو جلد ہی نافذ کیا جائے گا ۔اس اقدام سے یونین ٹیریٹری کے غریب ترین گھرانوں کو ان کے ماہانہ بجلی کے اخراجات کو کم کرکے اور صاف توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ توانائی کی حفاظت اور سماجی شمولیت کے وسیع تر قومی اہداف سے ہم آہنگ کرنے کے ذریعے براہ راست فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔